اسکولنگ مسلم خاندانوں کے لیے ایک فکری و عملی جائزہ




اسکولنگ مسلم خاندانوں کے لیے ایک فکری و عملی جائزہ

 

شائستہ حسن    ۔ کىلى فورنىا 

 

منىبہ کچن کے کاموں مىں مصروف تھىں، فون کى گھنٹى کئى دفعہ بجى لىکن دىکھنے کے باوجود اُس نے فون نہ اٹھاىا۔   فون بند ہو گىا لىکن پانچ منٹ بعد پھر فون کى گھنٹى بجنے لگى، فرناز دوسرے کمرے سے آواز دىنے لگى ، مما فون بج رہا ہے، جو بھى فون کر رہا ہے اُسے آپ سے  فوراً بات کرنى ہے پلىز فون اٹھا لىں ىا  مىوٹ کردىں۔  منىبہ خاموشى سے اٹھى ، فون کو بند کر دىا اور کچن کے کام سمىٹنے لگى۔  

رات مىں کھانے پر پورى فىملى ہى موجود تھى، ہلکى پھلکى گفتگو کے ساتھ سب کھانے کو انجوائے کر رہے تھے۔ اچانک  فرناز بولى مما  دوپہر مىں آپ کو کون بار بار کال کر رہا تھا اور آپ فون کىوں نہىں اٹھا رہى تھىں۔ منىبہ نے ٹھنڈى سانس لى اور بولىں وہ مجھے مىگزىن کے لئے اىک کمىونٹى کے موضوع پر کچھ لکھ کر دىنا ہے،  مىں موضوعات سوچ رہى تھى   کہ کس  موضوع پر لکھوں اور ىہ کمىونٹى پکنک کى انوىٹىشن کى کالىں تھىں، پچھلى دفعہ  بحث و تکرار کے ماحول مىں  کافى  بدمزگى ہو گئى تھى، اس لئے جانے کا موڈ نہىں تھا، اگر فون اٹھا تى تو آنے کى تکرار ہوتى اسى لئے  نہىں اٹھاىا۔  کامران حىرت سے بىوى کو دىکھ رہے تھے کىونکہ بداخلاقى اُس کا مزاج نہ تھى۔ منىبہ آہستہ سے بولى پبلک اسکول ، اسلامى اسکول ىا ہوم اسکولنگ کى  پرانى بحث تھى جو مسائل کو تسلىم کرنے اور حل ڈھونڈنے کے بجائے اىک دوسرے کو نىچا دکھانے اور مذاق اڑانے پر ختم ہوئى۔ کامران نے کندھے اچکائے اور ہنستے ہوئے بولے تو آپ نے تىنوں آپشن کے فوائد وچىلنجز کو کىوں نہ سائىڈ بائے سائىڈ پىش کردىا۔ آخرتمام والدىن بچوں کى بہترىن تعلىم چاہتے ہىں ، انھىں صحت مند ماحول مىں اىک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھتے ہوئے  اپنے لئے راستہ چننا ہے۔ پھرکامران  ہنستے ہوئےبولے بچو!  آپ تىنوں نے آٹھوىں تک اسلامک اسکول سے پڑھا، سىکنڈرى اسکو ل ہوم اسکولنگ تھى جو کمىونٹى کالج  کے ساتھ رہى اور  پھر پبلک ىونىورسٹى، آپ نے تو تىنوں آپشنز کا مزا چکھا ہے۔ منىبہ بولىں ہم بچوں کى بنىاد اسلامى ماحول اور اسلامى تعلىمات کے ساتھ چاہتے تھے، اس لئے ہم نے کنڈرگارڈن سے آٹھوىں تک انھىں اسلامک اسکول بھىجا،جوآٹھوىں تک ہى تھا، پھر پبلک ہائى اسکول کے ماحول سے بچانے کے لىے ہوم اسکولنگ کروائى لىکن ساتھ ہى کمىونٹى کالج اور مختلف کلب اور اىکٹىوىٹىز اُف  کتنا مصروف وقت تھا۔ لىکن ہر دفعہ ذرىعہ تعلىم کا انتخاب بچوں کے اىمان و اخلاق کى حفاظت تھى۔      فرناز بولى PEW رىسرچ کے مطابق25  فىصد شمالى امرىکہ مىں رہنے والے مسلمان بچےبڑے ہوکر اسلام چھوڑ دىتے ہىں جس مىں تىنوں ہى آپشنز مىں تعلىم پانے والے بچے شامل ہىں۔  مما، اسلامک اسکول مىں ہمارے ساتھ کئى بچے اىسے تھے جن کے گھر کا ماحول اسلامى نہ تھا ، اُن کےماں باپ شاىد اسلامى اسکول کو کوئى جادوکى چھڑى سمجھ رہے تھے کہ اسلامى اسکول بھىج کر انکے سارے مسائل حل ہو جائىں گے کمىونٹى کالج مىں مىرے ساتھ کئى پبلک اسکول جانے والے بچوں کا اىمانى لىول مجھ سے بھى زىادہ تھااور چند پبلک اسکول کے مسلمان بچے ، مسلمان کہلوانا بھى پسند نہىں کرتے تھے۔  لبنى تىز آواز مىں بولى فرناز تمہارا مقصد کىا ہے؟ پھر کونسا آپشن صحىح ہے ؟ منىبہ  نے سر پکڑ لىا ، جس بحث سے بچ رہى تھى بحث نے کھانے کى مىز کو جنگ کا مىدان بنادىا تھا ۔ مگر کامران پہلى دفعہ سنجىدگى سے بولے ، ہمارى ىہ تمام گفتگو اِس بات کى نشاندہى کر رہى ہے کہ تىنوں آپشنز کے نقصان و فوائد ہىں، ہر خاندان کے وسائل، حالات اور نظرىات مختلف ہىں ، ہر کسى  کے لئے کوئى اىک حل نہىں اور ىہ گارنٹى نہىں کہ وہى سب سے موزوں حل ہے۔ ىہ والدىن کا فىصلہ ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لئے کىا راستہ چنتے ہىں لىکن ضرورت اِس بات کى ہے کہ کمىونٹى کو تمام آپشنز کى آگاہى ہو  اور ہر آپشن کے چىلنچز کو حل کرنے کى اجتماعى کوشش کى جائے۔ منىبہ کو اپنے  آرٹىکل کے لئے موضوع مل چکا تھا۔

 

تعلىم صرف معلومات کى منتقلى کا نام نہىں بلکہ شخصىت، اقدار اور نظرىۂ حىات کى تشکىل کا عمل ہے۔ سىکولر معاشروں مىں رہنے والے مسلم خاندانوں کے لىے بچوں کى تعلىم کا انتخاب اىک نہاىت اہم اور حساس فىصلہ ہے۔ ىہ فىصلہ صرف تعلىمى معىار تک محدود نہىں بلکہ اىمان، شناخت اور اخلاقى تربىت سے بھى جڑا ہوا ہے۔ اس مضمون مىں ہم  پبلک اسکولوں کے چىلنجز، اُن کے اثرات، والدىن کے عملى کردار، اسلامى اسکولوں کى اہمىت اور ہوم اسکولنگ کى ضرورت پر سنجىدہ اور متوازن گفتگو کرىں گے۔



پبلک اسکولوں کے چىلنجز،  اثرات  اور حل

 

پبلک اسکول عموماً سىکولر بنىادوں پر قائم ہوتے ہىں جہاں مذہب کو ذاتى معاملہ سمجھا جاتا ہے۔ اخلاقى اور سماجى مسائل کو اکثر اىسے زاوىے سے پىش کىا جاتا ہے جو دىنى اقدار سے مختلف ہو سکتا ہے۔

 

1 : سىکولر نظرىۂ حىات اور اخلاقى تعلق  (Relativism)

بچوں کو بعض اوقات اىسے تصورات سے روشناس کراىا جاتا ہے جو اسلامى تعلىمات سے ہم آہنگ نہىں ہوتے۔ جب اخلاقى اقدار کو محض ذاتى رائے ىا سماجى رجحان کے طور پر پىش کىا جائے تو نوجوان ذہنوں مىں ابہام پىدا ہو سکتا ہے۔ ىہ ابہام  گھر اور اسکول کى اقدار مىں ٹکراؤ اور تضاد مىں مزىد بڑھ کر اسلامى شناخت کى کمزورى اور  دىنى اعتماد مىں کمى کا باعث بنتا ہے۔ 

 

2: ہم عمر دباؤ (Peer pressure)اور سماجى اثرات

اسکول کا ماحول بچوں اور نوجوانوں پر گہرا اثر ڈالتا ہے۔ دوستى، سوشل مىڈىا، فىشن، اور دىگر رجحانات بچوں کے فىصلوں کو متاثر کرتے ہىں۔ قبولىت کى خواہش بعض اوقات اصولوں پر سمجھوتہ کرواتى ہے۔  جس کے ممکنہ اثرات روىوں مىں تبدىلى،  جذباتى دباؤ اور غىر اسلامى معمولات مثلاً  ڈىٹنگ کلچر، اور منشىات کى صورت مىں ظاہر ہوتے ہىں ۔

3: دىنى سہولتوں کے مسائل

اگرچہ مذہبى آزادى قانونى طور پر محفوظ ہے، مگر عملى طور پر مشکلات پىش آ سکتى ہىں جىسےنماز کے لىے مناسب جگہ کا نہ ہونا، رمضان مىں عدم تعاون ىا عىد کى تعطىلات مىں دشوارى۔ ىہ مسائل  روحانى کمزورى، محرومى کا احساس اور دىنى فرائض کى ادائىگى مىں سمجھوتے کا باعث بنتے ہىں۔ 

 

  4جنسى تعلىم کے اثرات

پبلک اسکولوں مىں دى جانے والى جنسى تعلىم مسلمان بچوں کى سوچ، شناخت اور اقدار پر اثر انداز ہو رہى ہے۔ LGBTQ اىک سماجى اصطلاح ہے جو مختلف جنسى رجحانات اور شناختوں کے لىے استعمال ہوتى ہے ۔اس طرح ٹرانس جىنڈر شناخت جدىد سماجى اور نفسىاتى بحث کا حصہ ہے۔ اِن موضوعات پر اسکولوں، مىڈىا اور معاشرے مىں کھلى گفتگو ہو رہى ہے۔ 

 

مسلم والدىن کا فعال کردار: مسئلے کا حل

 

 اگر والدىن اپنے بچوں کو پبلک اسکول بھىجنے کا فىصلہ کرتے ہىں تو پبلک اسکول کے نظام مىں صرف شکاىت کرنا کافى نہىں بلکہ تعمىرى شرکت ضرورى ہے۔ 

 

1.والدىن و اساتذہ ملاقاتوں مىں شرکت 

باقاعدہ ملاقاتىں والدىن کو نصاب، ماحول اور بچوں کى کارکردگى سے آگاہ رکھتى ہىں۔ اساتذہ کے ساتھ مثبت تعلق بہت سى مشکلات کو ابتدا ہى مىں حل کر سکتا ہے۔

 

  1. پى ٹى اے اور کمىٹىوں مىں شمولىت

پالىسى سازى کے مراحل مىں موجودگى سے مسلم آواز کو نمائندگى ملتى ہے۔ دىنى ضرورىات کے لىے مؤثر اور باوقار انداز مىں بات کى جا سکتى ہے۔ نماز کى اجازت کے لىے باضابطہ درخواست دىں۔

 

  1. اسکول بورڈ انتخابات مىں دلچسپى

اسکول بورڈ نصاب اور اہم پالىسىوں پر اثر انداز ہوتا ہے۔اىک مسمان  ذمہ دار شہرى کى شرکت اسلام کے اصولوں اور اسلامک ضرورتوں  کو پالىسىوں مىں شامل کرانے کے لئىے اہم کردار ادا کرنے مىں معاون ہوسکتى ہے   ۔

 

  1. گھر کو تربىت کا مرکز بنانا

 بچہ چاہے کسى بھى نظام مىں پڑھتا ہو، اصل تربىت گھر مىں ہوتى ہے۔ قرآن کى تعلىم، کھلے مکالمے اور اخلاقى تربىت بنىادى اہمىت رکھتے ہىں۔ بعد از سکول اسلامى کلاسز اور مسجد کے پروگرام، بچوں مىں بااعتماد اور مہذب انداز مىں اسلامى شناخت کے اظہار کى تربىت دىتا ہے۔ 

 

اسلامى تعلىمات مىں والدىن اور اولاد کے درمىان گفتگو کو خاص اہمىت دى گئى ہے۔ قرآن مىں حضرت لقمانؑ اور ان کے بىٹے کے درمىان نصىحت آموز مکالمہ اس کى روشن مثال ہے۔ مضبوط مکالمہ اعتماد پىدا کرتا ہے، غلط فہمىوں کو کم کرتا ہے، جذباتى تحفظ فراہم کرتا ہے اور اخلاقى تربىت کو مؤثر بناتا ہے۔ آج کے دور مىں جب بچے سوشل مىڈىا، اسکول اور معاشرتى دباؤ سے متاثر ہوتے ہىں تو گھر مىں کھلا، محبت بھرا اور باوقار مکالمہ ان کے لىے ڈھال کا کام کرتا ہے۔ والدىن کو چاہىے کہ صرف حکم دىنے کے بجائے سننے کى عادت اپنائىں، سوالات کى حوصلہ افزائى کرىں اور اختلافِ رائے کو برداشت کرىں۔

 

اسلامى اسکولوں کى اہمىت اور اسلامى معاشرے مىں اُن کا کردار

 

اسلامى اسکول دىن اور دنىا کى تعلىم کو ىکجا کرتے ہىں۔ ىہاں بچے کو اپنى شناخت چھپانے کى ضرورت نہىں ہوتى بلکہ اسلام اُن کى روزمرہ زندگى کا حصہ ہوتا ہے۔

 

  1. شناخت کى تعمىر

اسلامى اسکول دىنى اقدار اور جدىد تعلىم کو ىکجا کرتے ہىں۔ ىہاں دىن اور دنىا کے درمىان تقسىم پىدا نہىں ہوتى۔ باجماعت نماز، قرآن کى تعلىم اور حفظ، اور اسلامى تعلىمات روزمره معمول کا حصہ بنتى ہىں۔ اِس سے اعتماد اور فکرى استحکام پىدا ہوتا ہے۔

 

  1. کردار سازى اور اخلاقى تربىت

اسلامى اسکول صرف تعلىمى کامىابى نہىں بلکہ اَخلاق اور سىرت سازى پر بھى زور دىتے ہىں۔

 

  1. اسلامى معاشرے پر طوىل مدتى اثرات

اسلامى اسکولوں کے فارغ التحصىل افراد اکثرکمىونٹى کے رہنما بنتے ہىں، عملى زندگى مىں دىن پر قائم رہتے ہىں، پىشہ ورانہ مىدان مىں کامىابى کے ساتھ دىنى وابستگى برقرار رکھتے ہىں، اسلامى اسکول محض تعلىمى ادارے نہىں بلکہ شناخت سازى کے مراکز ہىں۔

 

اسلامى اسکولوں کے چىلنجز اور اُن کا عملى حل

 

اسلامى اسکول کا قىام اىک عظىم مقصد ہے، لىکن اسے کامىاب بنانا اىک مسلسل جدوجہد ہے۔ اگر چىلنجز کو بروقت پہچان کر حکمت کے ساتھ حل نہ کىا جائے تو ادارہ کمزور ہو سکتا ہے۔ اہم چىلنجز اور اُن کے واضح اورعملى حل ڈھونڈنے کى ضرورت ہے  ۔

 

1۔  مالى مشکلات (Financial Sustainability)

اسلامى اسکول کا نظام بچوں سے لى گئى فىس سے چلتا ہے۔ زىادہ فىس سے والدىن پر بوجھ رہتا ہے اور ہر خاندان ىہ بوجھ نہىں اٹھا سکتا ۔اسلامى اسکولوں کے پاس محدود فنڈنگ ہوتى ہےلہذا  طوىل المدتى منصوبہ بندى  کى ضرورت ہے۔ حل ىہ ہے کہ

1- اىنڈومنٹ فنڈ( Waqf ) قائم کىا جائے تاکہ ادارہ مستقل آمدنى حاصل کرے۔

 2- شفاف مالى رپورٹنگ سے کمىونٹى کا اعتماد بحال رکھا جائے۔

3- کارپورىٹ اسپانسرشپ اور گرانٹس کے لىے باقاعدہ اپلائى کىا جائے۔

4- اسکول کى سہولىات کو کمىونٹى اىونٹس کے لىے استعمال کر کے اضافى آمدنى پىدا کى جائے۔

 

2۔ تعلىمى معىار پر سوالات

کمپلسرى مضامىن مىں کمزورى ، طلبہ کا کالج داخلوں مىں مقابلہ نہ کر پانا ، نصاب مىں تحقىق اور تنقىدى سوچ کى کمى اسلامى اسکولوں کے لئے چىلنچز ہىں۔ حل ىہ ہے کہ 

رىاستى ىا قومى سطح کى کرىڈىشن حاصل کى جائے۔ڈىٹا بىسڈ اسسمنٹ سسٹم اپناىا جائے (طلبہ کى کارکردگى کى باقاعدہ نگرانى)۔ STEM پروگرام، ڈبىٹ کلب، اور رىسرچ پراجىکٹس متعارف کروائے جائىں۔دىنىات مىں صرف حفظ نہىں بلکہ فہم، تجزىہ اور اطلاق بھى  شامل کىا جائے۔

 

3۔ اساتذہ کى کمى اور تربىت

قابل اور باصلاحىت اساتذہ کا نہ ملنا ، کم تنخواہوں کى وجہ سے اساتذہ کا زىادہ دىر نہ ٹھہرنا اسلامى اسکولوں کا اىک اور چىلنج ہے  پھر اساتذہ کے لئےتربىتى مواقع کى کمى بھى ہے۔ حل ىہ ہے کہ اساتذہ کے لىے باقاعدہ پروفىشنل ڈىولپمنٹ پروگرامات ترتىب دئے جائىں، مسابقتى تنخواہىں اور مراعات فراہم کى جائىں، نوجوان گرىجوىٹس کو ٹرىننگ دے کر تدرىس کى طرف راغب کىا جائے ، اساتذہ کى روحانى اور اخلاقى تربىت کے لىے رىٹرىٹس اور ورکشاپس منعقد کى جائىں۔ 

 

4۔ انتظامى کمزورىاں

انتظامى طور پرواضح وژن اور مشن کى عدم موجودگى اىک بڑا چىلنج ہے پھر بورڈ اور انتظامىہ مىں ہم آہنگى کى کمى اورطوىل المدتى حکمت عملى کا فقدان بھى نظر آتا ہے۔ 

حل ىہ ہے کہ پانچ سے دس سالہ اسٹرىٹجک پلان تىار کىا جائے، بورڈ ممبران کے لىے گورننس ٹرىننگ ہو، سالانہ جائزہ اور کارکردگى رپورٹ شائع کى جائے اور پالىسى سازى مىں تعلىم کے ماہرىن کو شامل کىا جائے۔

 

5۔ والدىن اور اسکول کے درمىان فاصلہ

اسلامى اسکول اکثر والدىن کى کم شمولىت، توقعات اور حقىقت مىں فرق اور گھر اور اسکول کے اہداف مىں تضاد کا شکوہ کرتے ہىں ۔ حل ىہ ہے کہ ماہانہ والدىن نشستىں اور تربىتى سىشنز منعقد ہوں، والدىن کے لىے رضاکارانہ پروگرام ترتىب دئے جائىں اور واضح تعلىمى اہداف اور اخلاقى معىار کى مشترکہ دستاوىزات بھى تىار کى جائىں ۔

 

6۔ طلبہ کى شناخت اور سماجى چىلنجز

اسلامى اسکول سے گرىجوىٹ ہونے والے فارغ التحصىل طلباء  کو شناختى بحران، بىرونى معاشرتى دباؤ اور اسلاموفوبىا کے اثرات  جىسے چىلنچز کا سامنا ہوتا ہے ۔ حل ىہ ہے کہ نوجوانوں کے لىے قىادت اور اعتماد سازى پروگرام تىار کئے جائىں  جہاں اسلامى نقطۂ نظر سے تنقىدى سوچ کى تربىت ہو۔ سروس لرننگ اور انٹرفىتھ انگىجمنٹ کے مواقع فراہم ہوں تاکہ اسلامى اسکول کے گرىجوىٹ باہر کى دنىا سے باعتماد سامنا کرنے کے لىے تىار ہوں ۔

اسلامى اسکول کو کامىاب بنانے کے لىے تىن بنىادى ستون ضرورى ہىں۔ اعلىٰ تعلىمى معىار، مضبوط مالى بنىاد اور روحانى و اخلاقى قىادت۔ جب ىہ تىنوں عناصر متوازن ہوں تواسلامى اسکول صرف اىک تعلىمى ادارہ نہىں بلکہ کمىونٹى کى فکرى اور اخلاقى قىادت کا مرکز بن جاتا ہے۔ 

 

ہوم اسکولنگ

 

تعلىم کسى بھى معاشرے کى بنىاد ہوتى ہے۔ ىہ صرف کتابى علم کا نام نہىں بلکہ کردار سازى، فکرى تربىت اور زندگى کى تىارى کا عمل ہے۔ بدلتے ہوئے سماجى حالات، اخلاقى چىلنجز اور تعلىمى نظام کى ىکسانىت کے باعث بہت سے والدىن ہوم اسکولنگ کى طرف متوجہ ہو رہے ہىں۔ ہوم اسکولنگ سے مراد وہ تعلىمى نظام ہے جس مىں والدىن ىا سرپرست بچوں کو گھر پر منظم انداز مىں تعلىم دىتے ہىں۔ 

    اب ہم ہوم اسکولنگ کى ضرورت، اس کے فوائد و نقصانات اور دستىاب آپشنز کا جائزہ لىں گے۔

ہوم اسکولنگ کى ضرورت کىوں محسوس کى جا رہى ہے؟ 

 

آج کے دور مىں ہر بچہ اىک جىسا نہىں۔ کچھ بچے تىز رفتارى سے سىکھتے ہىں، کچھ کو زىادہ وقت درکار ہوتا ہے۔ اسکول سسٹمز عموما اىک ہى نصاب اور رفتار پر چلتے ہىں  جس مىں ہر بچے کى انفرادى ضرورت پورى نہىں ہو پاتى  ہوم اسکولنگ مىں نصاب اور طرىقہ تدرىس بچے کى صلاحىت، دلچسپى اور رفتار کے مطابق ترتىب دىا جا سکتا ہے۔ مزىد برآں، بہت سے والدىن اخلاقى اور دىنى تربىت کو تعلىم کا لازمى حصہ سمجھتے ہىں۔ گھر کا ماحول اقدار، تہذىب اور خاندانى رواىات کى منتقلى کے لىے زىادہ موزوں سمجھا جاتا ہے۔ اسى طرح اسکولوں مىں بُلنگ، منفى سوشل دباؤ اور بعض غىر موزوں اثرات کے خدشات بھى والدىن کو ہوم اسکولنگ پر غور کرنے پر آمادہ کرتے ہىں۔

 

ہوم اسکولنگ کے فوائد

 

نصاب پر مکمل اختىار ۔ والدىن اسلامى نظرىۂ حىات کے مطابق تعلىم دے سکتے ہىں ۔ نصاب کو اقدار اور مقاصد کے مطابق ڈھالا جا سکتا ہے

اخلاقى و دىنى تربىت  ۔  گھر کا ماحول اقدار، اىمان اور کردار سازى کے لىے زىادہ سازگار ہو سکتا ہے

 انفرادى تعلىم (Individualized Learning)  ہر بچہ مختلف رفتار اور انداز سے سىکھتا ہے۔ ہوم اسکولنگ مىں نصاب بچے کى صلاحىت کے مطابق ترتىب دىا جا سکتا ہے۔ پورى توجہ صرف اپنے بچوں پر مرکوز کى جا سکتى ہے۔ اس سے بچے کا اعتماد بڑھتا ہے اور سىکھنے کا عمل مؤثر ہوتا ہے۔

نظام الاوقات ۔ خاندان اپنى سہولت کے مطابق پڑھائى کا وقت مقرر کر سکتا ہے 

محفوظ تعلىمى ماحول ۔ اسکول بُلنگ، منفى سوشل پرىشر اور بعض غىر موزوں اثرات سے بچاؤ ممکن ہے۔ خاندانى تعلق روحانى اور اخلاقى تربىت براہِ راست والدىن کے ذرىعے ملتى والدىن اور بچوں کے درمىان فکرى اور روحانى تعلق گہرا اور مضبوط ہوتاہے۔

 

ممکنہ نقصانات

 

۱۔سماجى مىل جول کى کمى ۔ اگر مناسب سرگرمىاں شامل نہ کى جائىں تو بچے کى سوشل اسکلز متاثر ہو سکتى ہىں۔

۲۔والدىن پر دباؤ ۔ وقت، صبر اور مستقل مزاجى کى ضرورت ہوتى ہے۔

۳۔تعلىمى مہارت کا چىلنج ۔ ہر والدىن ہر مضمون پڑھانے مىں ماہر نہىں ہوتے۔

۴ ۔قانونى تقاضے۔ کچھ رىاستوں ىا ممالک مىں مخصوص رجسٹرىشن ىا رىکارڈ رکھنا ضرورى ہوتا ہے۔

امرىکہ مىں ہوم اسکولنگ کے آپشنز

چونکہ ہم امرىکہ مىں ہىں، اس لىے چند عمومى آپشنز ىہ ہو سکتے ہىں (ہر اسٹىٹ کے لحاظ سے قوانىن مختلف ہوتے ہىں):

۱:  مکمل آزاد ہوم اسکولنگ ۔ والدىن خود نصاب منتخب کرتے ہىں اور پڑھاتے ہىں۔

۲: آن لائن پبلک اسکول پروگرام۔

 جىسے K12 Connections Academy Inc 

۳:  ہائبرڈ اسکولنگ۔ ہفتے مىں چند دن اسکول، باقى دن گھر پر تعلىم۔

۴:کمىونٹى ىا کواپ ماڈل۔ کئى خاندان مل کر مخصوص مضامىن کے لىے مشترکہ کلاسز رکھتے ہىں

۵: ہائى اسکول مىں ہوم اسکولنگ کے ساتھ کمىونٹى کالج سے متوازن آٹھ ىونٹ لئے جاسکتے ہىں۔  سائنس کى کلاسىں جہاں لىب کى ضرورت ہو وہ کمىونٹى کالج کى کلاس سے مل جاتى ہىں۔  ىہ کلاسىں آگے ىونىورسٹى  کى کلاس کا کرىڈٹ بھى ہىں ، اس طرح پڑھائى کے قرضوں سے بھى بچا جا سکتا ہے۔

۶: ہائى اسکول کمىونٹى کالج پروگرام ۔  بىشتر کمىونٹى کالج ہائى اسکول کے طلباء کے لئے علىحدہ  پروگرام ترتىب دے رہے ہىں جو کہ فرى کلاسز ہوتى  ہىں۔

ہوم اسکولنگ نہ تو ہر خاندان کے لىے لازمى ہے اور نہ ہى ہر صورت مىں بہترىن حل۔ ىہ اىک متبادل راستہ ہے جو مخصوص حالات، ترجىحات  کے مطابق مفىد ثابت ہو سکتا ہے۔ اصل مقصد ىہ ہونا چاہىے کہ بچے کو اىسى تعلىم دى جائے جو اسے علم، کردار اور شعور کے اعتبار سے مضبوط بنائے۔ آگراچھى منصوبہ بندى،  اور سماجى سرگرمىوں کا مناسب انتظام کىا جائے تو ہوم اسکولنگ اىک مؤثر اور بامقصد تعلىمى نظام بن سکتا ہے۔

 

خاص توجہ طلب اصول:  انتخاب

 

ہوم اسکول، پبلک اسکول ىا اسلامى اسکول کا انتخاب صرف تعلىمى ادارہ چننے کا نام نہىں بلکہ بچے کى شخصىت، اىمان، اعتماد اور مستقبل کى بنىاد رکھنے کا فىصلہ ہے۔ اس لىے ىہ ضرورى ہے کہ انتخاب بچے کى نفسىات، کمزورىوں اور مہارتوں کو سامنے رکھ کر کىا جائے۔

 

  1. ہر بچہ اىک جىسا نہىں ہوتا

 ہر بچے کا مزاج، سىکھنے کا انداز (Learning style)، جذباتى حساسىت اور سماجى روىہ مختلف ہوتا ہے۔اگر کسى حساس اور شرمىلے بچے کو اىسے ماحول مىں ڈال دىا جائے جہاں مقابلہ بازى اور دباؤ زىادہ ہو، تو وہ ذہنى دباؤ، احساسِ کمترى ىا خاموشى کا شکار ہو سکتا ہے۔اسى طرح بہت متحرک اور سماجى بچے کو مکمل تنہائى والے ماحول مىں رکھنے سے اس کى توانائى اور صلاحىتىں دب سکتى ہىں۔

 

2.بچے کى نفسىاتى ضرورتىں

کچھ بچوں کو زىادہ توجہ اور ذاتى رہنمائى کى ضرورت ہوتى ہے ىہ ماحول عموماً ہوم اسکول مىں بہتر مل سکتا ہے۔ کچھ بچوں کو سماجى مىل جول اور مختلف پس منظر کے لوگوں سے سىکھنے کى ضرورت ہوتى ہے ىہ موقع پبلک اسکول مىں زىادہ ملتا ہے۔ کچھ بچوں کى شناخت اور اىمان کى مضبوطى اولىن ترجىح ہوتى ہے ،اسلامى اسکول اس پہلو کو مضبوط بنا سکتے ہىں۔ اگر بچے کى نفسىات کو نظرانداز کىا جائے تو تعلىمى کامىابى کے باوجود اندرونى اضطراب پىدا ہو سکتا ہے۔

 

  1. کمزورىوں کو سمجھ کر فىصلہ کرنا

اگر بچے مىں توجہ کى کمى ,(Attention Issues)سىکھنے مىں دشوارى, (Learning Disabilities)جذباتى حساسىت ىا کم خود اعتمادى جىسے مسائل ہوں، تو والدىن کو اىسا ماحول چننا چاہىے جہاں انفرادى توجہ ملے، مثبت حوصلہ افزائى ہو، دباؤ کم ہو، اقدار محفوظ رہىں۔ غلط ماحول بچے کى کمزورى کو بڑھا دىتا ہے، جبکہ درست ماحول اسے طاقت مىں بدل سکتا ہے۔

 

  1. مہارتوں کو پروان چڑھانے کا پہلو

کچھ بچےتخلىقى ہوتے ہىں (آرٹ، لکھائى، ڈرامہ)، کچھ سائنسى ىا منطقى ذہن رکھتے ہىں ، کچھ قىادت کى صلاحىت رکھتے ہىں، کچھ حفظ و تلاوت مىں مہارت رکھتے ہىں ۔ اگر اسکول کا ماحول بچے کى مہارت سے ہم آہنگ نہ ہو تو وہ اپنى اصل صلاحىت تک نہىں پہنچ پاتا۔ صحىح انتخاب بچے کو صرف “پڑھا لکھا” نہىں بناتا بلکہ ہر لحاظ سے اىک کامىاب شخص بناتا ہے

 

  1. طوىل مدتى اثرات

غلط تعلىمى ماحول خود اعتمادى کم کر سکتا ہے، ىہ اىمان کمزور کر سکتا ہے، ذہنى دباؤ بڑھا سکتا ہے جبکہ درست انتخاب شخصىت  متوازن بناتا ہے، اخلاق مضبوط کرتا ہے، اور مقصدىت پىدا کرتا ہے۔ 

 

اسکول کا انتخاب “لوگ کىا کر رہے ہىں” دىکھ کر نہىں بلکہ “مىرا بچہ کون ہے” سمجھ کر کرنا چاہىے۔ہر خاندان کا جواب مختلف ہو سکتا ہے، کىونکہ ہر بچہ منفرد ہے۔ والدىن کا اصل فرض صرف داخلہ کروانا نہىں بلکہ اپنے بچے کى فطرت، نفسىات اور صلاحىتوں کو پہچان کر اُس کے لىے اىسا تعلىمى ماحول منتخب کرنا ہے جہاں وہ علم مىں بھى بڑھے اور کردار مىں بھى۔

 

  اِس بات کو بھى ذہن نشىن کر لىں کہ فىصلہ اور انتخاب پتھر پر لکىر نہىں،  تىنوں آپشن مىں سے آپ نے جس کو بھى منتخب کىا آپ اپنے اُس فىصلے کو کبھى بھى بدل سکتے ہىں ،  بچہ اگر ناخوش ہے تو اُسے مطمئن کرىں ، اُس کى سنىں اور حل تلاش کرىں ۔  پھر اىک ہى والدىن اپنے دو بچوں کے لئے بھى  مختلف انتخاب اُن کى شخصىتوں کے مطابق کر سکتے ہىں-

 

متوازن نقطۂ نظر ہر تعلىمى نظام کے اپنے فوائد اور چىلنجز ہىں۔ اگرچہ پبلک اسکولوں مىں چىلنجز موجود ہىں، لىکن وہاں تعلىمى وسائل اور سماجى تجربات بھى مىسر ہوتے ہىں۔اسلامى اسکول چىلنجز کا حل ہے مگر مالى طورپر ہر خاندان ىہ بوجھ نہىں اٹھا سکتا۔ اگر مالى بوجھ اٹھاىا جاسکتا ہو تو اسلامى اسکول سب سے بہترىن آپشن ہے۔ لىکن ىہ بات ذہن نشىن رہے کہ اسلامى اسکول کوئى جادو کى نگرى نہىں ۔ ہوم اسکولنگ اىک بہترىن متبادل ہے لىکن ىہ والدىن سے مکمل قربانى اور وقت مانگتا ہے ۔ 

 

اصل ضرورت باشعور اور بىدار والدىن کى ہے۔  خاموشى سے پىچھے ہٹنے کے بجائے فعال شرکت کرىں، گھر مىں دىنى بنىاد مضبوط کرىں۔اىک مضبوط اسلامى معاشرہ اسى وقت تشکىل پاتا ہے جب والدىن اپنى ذمہ دارى کو سمجھىں، گھر کو تربىت کا مرکز بناىا جائے، اسلامى تعلىمى اداروں کى حماىت کى جائے، شہرى سطح پر مثبت کردار ادا کىا جائے۔  تعلىم کا مقصد صرف پىشہ ورانہ کامىابى نہىں بلکہ اىسے افراد کى تىارى ہے جو اىمان پر قائم رہتے ہوئے معاشرے مىں خىر اور عدل کا ذرىعہ بن سکىں۔