موج موج صدف صدف
خط۔۔۔بابا کے نام
بابا ، آپ سے ایک شکوہ ہے
خط تو آپکے اچھے ہیں سب
آپکے ہاتھوں کی خوشبو ہے
میں ان کو پڑهتی ہوں جب
ہوجاتا ہے دل بوجھل کیوں
آنکھیں کیوں دهندلا جاتی ہیں
پھندا سا اک لگ جاتا ہے
آپکو کچھ معلوم ہے بابا
ایسا کیوں ہوتا ہے بابا
دھیمے دھیمے سے لہجے میں
آپ تو بات کیا کرتے تھے
ساری دنیا چھوڑ کے، بابا
میری بات سنا کرتے تھے.
اب میں بات سنا کرتی ہوں
کم کم بات کیا کرتی ہوں
جب بھی کوئی اونچا بولے
ڈر جاتی ہوں بیحد بابا
میرے موتیا اور چنبیلی
خوشبو آج بھی دیتے ہوں گے
اماں ہار پروتی ہوں گی
چھپ چھپ کے وه روتی ہوں گی
منظر سارے پیار کے بابا
میرے ساتھ رہا کرتے ہیں
بھیامیرے کان میں آ کر
اب تو روز کہا کرتے ہیں
سب سے اچھی میری بہنا
خوش خوش اپنے گھر میں رہنا
مجھ کو سب سکھلایا بابا
رشتے ناطے ساتھ نبھانا
اونچے نیچے سب رستوں پر
چلتے جانا بڑهتے جاتا
دل کا حال نہیں کہتی ہوں
سب کچھ سہہ کرچپ رہتی ہوں
لیکن اپنے پیاروں کے بِن
ہر پل ہر دم خوش خوش رہنا
یہ کیوں نہ سکھلایا بابا
یاد مجھے ہیں آج بھی وه پل
کردیتے ہیں بے کل بے کل
آپ کی انگلی تھام کے ،بابا
عید کے میلے پہ جب جانا
جھولے لینا۔۔،شور مچانا
اونچی ہیل کی پہن کے چپل
ٹک ٹک کرنا،ہنستے جانا
اب توہنسنے کی کوشش میں، بابا
آنکھ میں آنسو آجاتے ہیں
ایسا کیوں ہوتا ہےبابا ؟
مڑ کے جب بھی پیچھے دیکھوں
پلکیں جھپکوں دهند کو کوسوں
آپ کو کتنا تنگ کرتی تھی
اف کتنی ضدیں کرتی تھی
یہ بھی لے دو ،وه بھی لے دو
مجھ کو ساری دنیا لے دو
لیکن ، اب یہ دل کرتا ہے
کاش ہو کوئی ایسا جگ میں
مجھ سے ساری دنیا لے لے
میرے بیتے پل وه دے دے
ایسا کیوں ہوتا ہے بابا ؟
بابا ، خوش ہوں اپنے گھر
سب آرام ۔۔۔ بہت پیسہ ہے
کھانا پینا ۔۔۔ کپڑا زیور
بن مانگے ملتا رہتا ہے
لیکن بابا ، اس کا کیا ہو ؟
دل کے اندر باہر ہر سو
خالی پن بڑهتا جاتا ہے
آپکی چاہت کی وه گرمی
آپکے لہجے کی وه نرمی
ان کا مول نہیں ہے بابا
بابا آپ سے ایک گلہ ہےبس
خط آپکے اچھے ہیں سب
آپکے ہاتھوں کی خوشبو ہے
پر، میں ان کو پڑهتی ہوں جب
ہوجاتا ہے دل کیوں بوجھل
آنکھیں کیوں دهندلا جاتی ہیں
پھندا سا اک لگ جاتا ہے
آپکو کچھ معلوم ہے بابا
ایسا کیوں ہوتا ہے بابا
اقصی خالد- پاکستان
بابا کا جواب۔۔۔
بیٹی میری، میری گڑیا
تیرا خط پڑھ کر جانا میں نے
آنسو تیرے، درد تیرے سب
دل سے اپنے پہچانا میں نے
گلہ نہ کر میری بچی
میں تجھ سے ناراض نہیں ہوں
رب کے حکم سے دور سہی پر
تجھ سے کبھی جدا نہیں ہوں
جب بھی میری یاد میں بیٹی
تیری آنکھیں بھر آتی ہیں
جان لے تب میری دعائیں
تیرے سر پر چھا جاتی ہیں
تو جو کہتی ہے ڈر جاتی ہوں
جب کوئی اونچا بولتا ہے
میری بچی، سر اٹھا کر چل
وقت یہی تو سکھلاتا ہے
امّاں کا بھی خیال ہے رکھنا
ان کی آنکھوں کا نور بننا
رشتے ناطے ساتھ نبھانا
میری سب تعلیمات پہ چلنا
عید کے میلے، ہنسی ٹھٹھے
سب لمحے محفوظ ہیں دل میں
یادیں انمول خزانہ ہیں
ان کو رکھنا اپنے دل میں
دنیا کوئی لوٹا نہ سکے گی
بیتے پل واپس نہ آئیں
لیکن ان کی خوشبو لے کر
آگے بڑھنا، رک نہ جانا
خوش ہوں میں جب خوش ہو تم بھی
غم کو اپنا گھر نہ کرنا
میری پیاری، میری بیٹی
جینا ہے تو ہنس کر جینا
اور جو پوچھو “ایسا کیوں ہے؟”
سن لو میری بات یہ بابا کی
پیار کبھی مرتا نہیں بیٹی
بس شکل بدل جاتی ہے باقی۔
— تمہارا بابا
ڈاکٹر ذبیح اللہ۔ ہوسٹن